اسلام آباد(نیوز ڈیسک)عراق اور شام میں قتل وغارت گری میں سرگرم دہشت گرد تنظیم دولت اسلامی “داعش” نے ترک صدر رجب طیب اردوآن کو “خائن” قرار دیتے ہوئے قتل کی دھمکی دی ہے اور ساتھ ہی ترک عوام سے موجودہ حکومت کے خلاف بغاوت کا مطالبہ کیا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق داعش کی جانب سے جاری ایک ویڈیو فوٹیج میں ترکی میں موجود اپنے حامیوں سے کہا ہے کہ وہ حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں کیونکہ موجودہ حکومت نے امریکا اور کرد باغیوں کے صفوں میں شمولیت اختیار کر کے بددیانتی کا ارتکاب کیا ہے۔مبصرین کے خیال میں انٹرنیٹ پرپوسٹ کی گئی تازہ ویڈیو ممکنہ طور پر شام کے الرقہ شہر میں تیار کی گئی ہے جس میں داعشی جنگجوﺅں کو ترکی کے خلاف ہتھیار اٹھانے کی اپیل کی گئی ہے۔خیال رہے کہ داعش کی جانب سے یہ مبینہ ویڈیو ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ترکی پر بھی دولت اسلامی کے خلاف کارروائی میں سست روی کا الزام عاید کیا جا رہا ہے تاہم انقرہ حکومت کا کہنا ہے کہ وہ داعش کے خلاف پوری تندہی کے ساتھ جنگ لڑ رہی ہے۔
مزید پڑھے: عمرا ن خان اورریحام خان میں دوریاں ،دونوں الگ الگ کیوں رہ رہے ہیں ؟ ایک دلچسپ انکشاف
پچھلے ماہ ترکی نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے شروع کرنے کے ساتھ ساتھ اپنا ایک اہم فوجی اڈہ بھی امریکی فوج کے حوالے کردیا تھا جہاں سے امریکی جنگی جہاز شام اور عراق میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کررہے ہیں۔انٹرنیٹ پر پوسٹ کی گئی ویڈیو فوٹیج کو “ترکی کے لیے پیغام” کا عنوان دیا گیا ہے۔ اس میں ایک باریش جنگجو کو ترک زبان میں صدر طیب ایردوآن کو دھمکی دیتے دکھایا گیا ہے۔ جنگجو کا کہنا ہے کہ ترک حکومت نے امریکیوں اور ان کے دشمن کرد لادین عناصر کے ساتھ اتحاد کر کے بددیاتنی کا ارتکاب کیا ہے۔ لہٰذا اب ترکی کے خلاف بغاوت بھی ناگزیر ہوگئی ہے۔داعشی جنگجو کا کہنا ہے کہ ترک حکومت نے اپنی سرزمین امریکیوں کے حوالے کردی ہے۔ مغربی ترکی جلد ہی “صلیبیوں” کے ہاتھ میں ہوگا اور مشرقی اناطولیہ پر کرد ورکرز پارٹی قبضہ کرلے گی۔داعشی جنگجو نے ترک عوام سے اپیل کی کہ وہ خلیفہ ابو بکرالبغدادی کی بیعت کرتے ہوئے دولت اسلامیہ میں شامل ہوجائیں اور استنبول کی فتح میں ہماری مدد کریں۔ اس کامزید کہنا تھا کہ ترک عوام کو چاہیے کہ وہ وقت ضائع کیے بنا جنگ کی تیاری کریں اور ملحدوں سے لڑنے کے لیے ہتھیار اٹھا لیں۔