بیروت(نیوز ڈیسک) داعش نے شام کے شہر پالمیرا میں ملک کے معروف ترین ماہر آثار قدیمہ 81 سالہ خالدالاسد کا سر قلم کرکے اس کی لاش تاریخی رومن برج سے لٹکا دی ہے۔ شام کی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق خالد الاسد کو گزشتہ روز ایک چوک میں سینکڑوں لوگوں کی موجودگی میں قتل کیا گیا، پھر ان کی لاش پالمیرا لائی گئی اور ایک رومن پلر سے لٹکا دی گئی۔ واضح رہے داعش نے ایک ماہ قبل خالد الاسد کو اغواءکرلیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق خالدالاسد چار دہائیوں تک پالمیرا کے آثار قدیمہ کے انچارج رہے جبکہ شام کے حکومتی ذرائع کے مطابق داعش نے خالدالاسد کو قتل کرنے سے قبل ان سے پالمیرا میں نوادرات کے حوالے سے معلومات لینے کی بھی کوشش کی۔ واضح رہے کہ داعش نے کچھ عرصہ قبل دو ہزار سال قدیم قصبے پالمیرا پر قبضہ کرلیا تھا اور اس پر آثار قدیمہ کی تنظیموں نے شدید خطرات کا اظہار کیا تھا کہ داعش عراق میں آثار قدیمہ کی تباہی کے بعد اب پالمیرا کے آثار قدیمہ کو بھی تباہ کردے گی۔