دبئی (نیوزڈیسک) بھارت اور متحدہ عرب امارات نے انفراسٹرکچر، جنگی آلات کی تیاری، خلائی ٹیکنالوجی اور جوہری توانائی اور دیگر شعبوں کے لئے 75ارب ڈالر کا فنڈ قائم کرنے کا اعلان کردیا، یہ اعلان بھارتی سیکرٹری خارجہ سبھرامنیان جے شنکر نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے 2روزہ دورئہ دبئی کے اختتام پر کیا۔انہوں نے بتایاکہ 75 ارب ڈالر پر مشتمل اس فنڈ کے زریعے دونوں ممالک بھارت میں دفاعی آلات کی تیاری کے سلسلے میں بھی تعاون کریں گے تاہم اس کی وضاحت نہیں کی گئی ہے، بھارت میں ریلوے، بندرگاہوں، سڑکوں اور دیگر پراجیکٹس میں بھی سرمایہ کاری کی جائے گی تاہم اس منصوبے پر عملدرآمد کی کوئی مدت نہیں بتائی گئی۔ دونوں ممالک کی جانب سے جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک نے آئندہ 5 برسوں کے دوران باہمی تجارت کے حجم میں 60 فیصد تک اضافے پر بھی اتفاق کیا ہے۔بھارتی سیکرٹری خارجہ نے مزید بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے ابوظہبی میں مندر کی تعمیر کے لئے جگہ بھی مختص کردی ہے اور یہ ابوظہبی میں بننے والا پہلا مندر ہوگا۔ –