کویت سٹی(نیوز ڈیسک)کویتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ ہفتے کویت سے برآمد کیا جانے والا ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ سمندری راستے کے ذریعے ایران سے اسمگل کیا گیا تھا۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کویت کے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ جمعرات کے روز حکام نے عراقی سرحدی علاقے کے قریب ایک گھر میں بڑی مقدار میں دفن کیا گیا اسلحہ، بارود اور دستی بم برآمد کیے۔ان کا کہنا تھا کہ گھر کے تین مالکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔النبا اخبار نے دعوی ٰکیا ہے کہ ہتھیاروں کو عراق سے اسمگل کیا گیا تھا اور یہ ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ کے استعمال میں تھے۔تاہم الرائی اور القابس نامی اخبارات نے اپنی اتوار کی رپورٹس میں دعویٰ کیا ہے کہ ہتھیاروں کو ایران سے سمندری راستے کے ذریعے کویت میں اسمگل کیا گیا تھا۔اخبارات نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ انکشاف گرفتار ہونے والے ملزمان سے ہونے والی تفتیش کے دوران سامنے آئے ہیں۔القابس کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔الرائی کی رپورٹ میں ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ سمندری راستے کویت میں ہتھیاروں کی ترسیل میں ایران باقاعدہ ملوث ہے۔کویت کی وزارت داخلہ نے اس حوالے سے کسی بھی قسم کے بیان سے گریز کیا ہے۔دوسری جانب ایک اور اخبار الجریدا نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ سال ایران کی پاسداران انقلاب نے حزب اللہ سیل کے ممبران کو نامعلوم جزیرے پر ٹرینگ فراہم کی تھی، جس میں سعودی عرب اور بحرین کے شہریوں کو بھی اسلحہ چلانے اور بارود کے حوالے سے ٹرینگ دی گئی تھی۔