کابل(نیوزڈیسک)افغان صدر اشرف غنی نے الزام عائد کیا ہے کہ ہمیں پاکستان کی جانب سے جنگ کے پیغامات مل رہے ہیں .ہمیں تو امن کی امید تھی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اشرف غنی نے کہاکہ پچھلے کچھ دنوں کے دوران پتہ چلا ہے کہ پاکستان میں موجود بم بنانے والی فیکٹریاں اور ٹریننگ کیمپ ابھی بھی اتنے ہی سرگرم ہیں جتنے پہلے تھے افغان صدر نے کہا کہ ‘ہمیں امن کی امید تھی تاہم ہمیں پاکستان کی جانب سے جنگ کے پیغامات مل رہے ہیں۔اشرف غنی نے کہاکہ اگر پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے افغانستان میں ہوں تو اسلام آباد کا کیا ردعمل ہوگا؟انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلی فون پر انہوں نے بتایا کہ پاکستان افغانستان میں دہشت گردی کو اسی نظر سے دیکھے جیسے کہ وہ پاکستان میں دیکھتا ہے۔افغان صدر نے کہاکہ چند روز کے دوران ہونے والے خودکش حملوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستان میں خودکش بمبار اور حملوں میں ملوث فیکٹریاں اب بھی اتنی ہی سرگرم ہیں جتنی پہلے ہوا کرتی تھیں۔