ٹوکیو(نیوزڈیسک) وفاقی وزارت خزانہ نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی خصوصی ہدایت پر جاپان میں کمپیوٹرائزڈ پاسپورٹ کی تیاری کے لیے فنڈز جاری کردیے ہیں جس کے بعد وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے کیا جانے والا وعدہ جس میں انھوں نے موجودہ سال اکتوبر تک جاپان سے ہی کمپیوٹرائزڈ پاسپورٹ کی تیاری کی یقین دہانی کرائی تھی پورا ہونے کے امکانات پید ا ہوگئے ہیں ،روزنامہ جنگ کے رپورٹرعرفان صدیقی کی ایک رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے سفارتخانہ پاکستان کے اہم ذرائع نے بتایا کہ جاپان میں ڈیجیٹل پاسپورٹ کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے ، اس حوالے سے نادرا کے حکام کی درخواست پر سفارتخانہ میں انٹرنیٹ کا خصوصی کنکشن حاصل کرلیا گیا ہے ، جس کے بعد اگلے چند دنوں میں نادرا کے تکنیکی حکام جاپان آکر پاسپورٹ تیاری کی مشینیں یہاں نصب کرکے سفارتی حکام کو پاسپورٹ کی تیاری کی تربیت فراہم کریں گے ، جس کے بعد اب جاپان میں مقیم کسی بھی پاکستانی کو کمپیوٹرائزڈ پاسپورٹ کی تیاری کے لیے پاکستان جانے کی ضرورت نہیں رہے گی ، جاپان میں مقیم پاکستانی جاپان میں سفارتخانہ پاکستان آکر ہی اپنا مینول پاسپورٹ کو ڈیجیٹل کروا سکیں گے ، سفارتی حکام کے مطابق درخواست گزار کا تمام ڈیٹا براہ راست نادرا ہیڈ کوارٹر آسلام آباد بھجوادیا جائے گا جس کے تین سے چار ہفتوں کے اندر آسلام آباد سے کمپیوٹرائزڈ پاسپورٹ تیار ہوکر آجایا کرے گا جسے درخواست گزار کے حوالے کردیا جائے گا ، سفارتی حکام کے مطابق ڈیجیٹل پاسپورٹی کی پہلی دفعہ پانچ سال کے لیے تجدید بلامعاوضہ کی جائے گی