مالے (نیوزڈیسک)چین کی فوجی تنصیبات،مالدیپ کے اعلان پر امریکہ ناراض،مالدیپ نے ملک میں غیر ملکیوں کو زمین کی ملکیت دینے کی اجازت بارے ایک قانون منظور کیا ہے، جس سے چین کو بحر ہند کے خطے میں اپنے پیر جمانے میں مدد ملے گی۔مالدیپ کے اس اقدام پر امریکہ نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ سے منظور کی گئی آئینی ترمیم کے تحت ایسے غیر ملکی جو زمین کو ٹھیکے پر لے کر کم ازکم ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے وہ اس زمین کے کم از کم 70 فیصد حصے کے مالک بن جائیں گے۔ مالدیپ لگ بھگ 1200 چھوٹے چھوٹے جزائر پر مشتمل ملک ہے۔پارلیمنٹ میں اس مسودہ قانون کے حق میں 74 ارکان نے ووٹ دیا جب کہ 14 نے اس کی مخالفت کی۔مالدیپ کی حکومت کے مطابق نئے قانون سے ترقی کے بڑے منصوبے شروع ہوں گے اور ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے تاہم حزب مخالف کی جماعت مالدیپ ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک اہم رکن نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد چینی سرمایہ کاری کو سہولت فراہم کرنا ہے نئے قانون سے ملک میں چین کو فوجی تنصیبات بنانے کی راہ بھی ہموار ہو گی۔ انھوں نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی خواہش کی تھی۔