سری نگر(نیوزڈیسک) ہندوستانی فوج نے پاکستان کو سرحد پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی صورت میں ایک بار پھر ’غیر متوقع نقصانات‘ کی دھمکی دی ہے۔ہندوستانی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل کے ایچ سنگھ کا کہنا ہے کہ ’سرحد پار کچھ ایسے عناصر موجود ہیں جو کہ لائن آف کنٹرول پر مشکلات پیدا کررہے ہیں‘۔انھوں ںے کہا کہ ’ہمیں ان عناصر کو غیر متوقع نقصانات پہنچانا ہونگا تاکہ وہ مستقل میں دوبارہ ایسا نہ کرے‘۔ہندوستانی فوج کے سینئر افسر نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی فوج کی جانب سے عید کے موقع پر پونجھ کے سیکٹر میں دیہاتوں پر شیلنگ کی گئی تھی جس میں 5 شہری زخمی ہوئے۔واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے دو روز قبل کچھ عناصر کو دراندازی کرنے سے روکا تھا۔انھوں نے کہا کہ ایک لڑکی پاکستانی علاقے میں بھی ہلاک ہوئی جس کا ان کو افسوس ہے .یاد رہے کہ دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کی فوج پر الزامات لگائے جارہے ہیں کہ وہ سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک دوسرے کے علاقوں میں چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں سے شیلنگ کررہے ہیں۔دوسری جانب ایل او سی پر دونوں جانب سے گذشتہ دنوں روس میں وزیراعظم نواز شریف اور ان کے ہندوستانی ہم منصب نریندرا مودی کی ملاقات کے بعد تیزی آگئی ہے۔اس ملاقات میں دونوں جانب سے مذاکرات کی بحالی کا اعلان کیا گیا تھا تاہم ایک دوسرے پر سرحد پار دہشت گردی کا بھی الزام لگایا گیا۔