اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سعودی وزارت لیبر نے ملازمین کے حقوق کی خلاف ورزی اور تنخواہیں روکنے والی ایک بڑی کنٹریکٹنگ کمپنی کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے اسے تمام خدمات کی فراہمی بند کردی ہے۔سعودی گزٹ کے مطابق کمپنی کے ملازمین کی بڑی تعداد کا تعلق ایشیائی ممالک سے ہے جنہیں ریاض اور مدینہ کے علاقے میں کئی ماہ سے تنخواہیں نہیں دی جارہی تھیں۔ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف کمپنی کے ملازمین نے اس کے ہیڈکوارٹر کے سامنے جمع ہوکر احتجاج کیا تھا، احتجاجی ملازمین کا کہنا تھا کہ واجبات کی ادائیگی تک وہ کام نہیں کریں گے۔ دریں اثنا کمپنی کے سعودی ملازمین نے بھی سوشل میڈیا پر ایک مہم کا آغاز کردیا تھا جس میں تنخواہوں کے تحفظ کے پروگرام کے نفاذ کا مطالبہ کیا گیا تھا۔وزارت لیبر کے نمائندہ کا کہنا ہے کہ وزارت اور متعلقہ ادارے معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور کمپنی پر ویج پروٹیکشن پروگرام کا نفاذ کردیا گیا ہے۔