اسلام آباد(نیوز ڈیسک) امریکی فوج نے آئندہ 2 سال کے دوران 40 ہزار اہلکاروں کو فارغ کرنے کے فیصلے کی توثیق کردی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی فوج کے ڈائریکٹر منیجمنٹ بریگیڈئیرجنرل رینڈی جارج نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے فوج میں آئندہ دو سال کے دوران 40 ہزاراہلکاروں کو فارغ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد فوج میں افرادی قوت کی کمی کا ٹارگٹ حاصل کرلیا جائے گا جب کہ 8 فیصد کٹوتی کے بعد آرمی کی افرادی قوت 4 لاکھ 90 ہزار سے گٹھ کر 4 لاکھ 50 ہزار ہوجائے گی جب کہ جن افسران کو فارغ کیا جائے گا ان میں کیپٹن، میجر اور سپاہی شامل ہیں جنہیں اس حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔بریگیڈئیرجنرل رینڈی جارج کا کہنا تھا کہ فوج میں افرادی قوت کی کمی کا ہدف 2018 تک حاصل کرلیا جائے گا جب کہ فوج کے لئے کام کرنے والی 17 ہزار سویلین کو بھی فارغ کرنا منصوبے میں شامل ہے اور2012 سے اب تک ایک لاکھ 20 ہزار فوجیوں کو فارغ کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ بجٹ اخراجات کے بعد 2019 تک مزید 30 ہزار فوجیوں کو فارغ کیا جاسکتا ہے جس کے بعد فوج کی افرادی قوت 4 لاکھ 20 ہزار تک رہ جائے گی۔