بغداد(نیوزڈیسک)کرد حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ داعش کے جنگجوﺅں نے ’پیشمرگا‘ فورسز کے خلاف کیمیائی ہتھیار استعمال کئے ہیں جبکہ ان کے قبضے سے کلورین کے 20 کنستر بھی برآمد ہوئے ہیں۔کردش ریجن سیکیورٹی کونسل کا کہنا ہے کہ یہ کیمیکل حملہ موصل شہر سے شام کے بارڈر کی جانب جانے والی سڑک پر ہوا ہے۔کونسل نے ایک ویڈیو ٹیپ بھی دی ہے جس میں ایک ٹرک سے سفید رنگ کا دھواں نکل رہا ہے اور وہ دھماکے سے اڑ رہا ہے۔
اس کے پھٹنے کے بعد پیشمرگا فوجیوں کی حالت غیر ہوگئی اوراکثرکو شدید کمزوری، قے اور طبیعت کی خرابی کی شکایات لاحق ہوگئیں۔دوران تفتیش مٹی اور کپڑوں کے ٹیسٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ حملے میں کلورین کا استعمال کیا گیا ہے۔اس سے قبل بھی داعش پر یہ الزامات لگے ہیں کہ وہ اپنے مخالفین کے خلاف کیمیائی ہتھیار استعمال کررہی ہے۔