دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) خوبصورت زیور دیکھ کر ہر خاتون کا دل کرتا ہے کہ وہ اسے پہنے لیکن دبئی میں ایک ایسی انگوٹھی نمائش کیلئے پیش کی گئی ہے جسے پہنا نہیں صرف دیکھا ہی جا سکتا ہے۔ 21 قیراط کے 58 کلو گرام سونے سے تیار کردہ دنیا کی اس سب سے بڑی اور بھاری انگوٹھی کی مالیت11 ملین درہم تک ہے جب کہ اس میں پانچ کلوگرام سے زائد کے قیمتی نگینے بھی جڑے ہوئے ہیں۔ نجم الطیبہ نامی اس انگوٹھی کو45
کاریگروں نے 55 دنوں کی محنت کے بعد سنہ 2000 میں تیار کیا تھا۔ تیار کے وقت اس کی مالیت صرف پانچ لاکھ 47 ہزار ڈالر تھی تاہم سونے کی تیزی سے بڑھتی ہوئی قیمت کے باعث اب اس کی مالیت 11 ملین درہم (29 لاکھ ساڑھے 94 ہزار ڈالر سے زائد) تک جا پہنچی ہے۔ واضح رہے کہ اس انگوٹھی کو دنیا کی سب سے بڑی سونے کی انگوٹھی کے طور پر گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ میں پہلے ہی شامل کیا جاچکا ہے۔