فن لینڈ (مانیٹرنگ ڈیسک)یہ دلچسپ خبر فن لینڈ سے آئی ہے جہاں ایک ٹیکسی سروس شروع کی گئی ہے۔ اس ٹیکسی کا کرایہ صرف اتنا ہے کہ آپ گانا گاتے رہیں اور ٹیکسی چلتی رہے گی اور جوں ہی آپ گانا بند کرتے ہیں تو ڈرائیور بھی ٹیکسی روک دیتا ہے۔ اس ٹیکسی کو ’سنگ الونگ شفل‘ کا نام دیا گیا ہے اور اس کا اجرا فن لینڈ کے شہر ٹورکو میں منعقدہ ’روئسروک میوزک فیسٹیول‘ کے موقع پر کیا جارہا ہے۔
جو ایک بین الاقوامی میوزک میلہ بھی کہلاتا ہے۔ اس سروس کو صاف توانائی پیدا کرنے والی ایک کمپنی فورٹم نے پیش کیا ہے جو شمالی یورپ میں کام کرتی ہے۔ اس میں بیٹھنے والے افراد کو فیسٹیول کے گرد چکر لگوائے جاتے ہیں اور انہیں بجلی سے چلنے والی ایک شاندار بی ایم ڈبلیو آئی تھری کار میں بٹھایا جاتا ہے۔ اس کا معاوضہ صرف اتنا ہے کہ آپ کو کار میں بیٹھتے ہی ڈرائیور کے ساتھ آواز ملاکر گانا ہوتا ہے اور جیسے ہی آپ گانا بند کرتے ہیں عین اسی وقت وہ کار روک دیتا ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ کمپنی لوگوں کو برقی گاڑی سے آگاہ کرنا چاہتی ہے کیونکہ اس میں انجن کی آواز نہیں آتی اور لوگ آسانی سے بات چیت کرسکتے ہیں اور گانا گاسکتے ہیں۔ اس کار میں بیٹھنے والوں کا دعویٰ ہے کہ یہ بہت پرسکون اور خاموش ہے جس میں کوئی شورپیدا نہیں ہوتا۔ تاہم بیٹھنے والے بہت سارے گانوں میں سے کسی کا بھی انتخاب کرسکتے ہیں۔ ہم میں سے اکثر گنگنانے کا شوق رکھتے ہیں لیکن اسے دوسروں کے سامنے گانے سے کتراتے ہیں۔ اسی لیےٹیکسی میں لوگوں کو ڈرائیور کے ساتھ گانا پڑتا ہے۔ دوسری جانب کار میں ایک ٹیبلٹ لگا ہے جس میں پسندیدہ گانوں کے شعر لکھے ہوتے ہیں اور یوں سب لوگ مل کر انہیں گا سکتے ہیں۔ ٹیکسی میں بیٹھنے والوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں ڈرائیور سے فالتو بات نہیں کرنی پڑتی بلکہ اس کے ساتھ ہم آواز ہوکر گانا گایا جاسکتا ہے۔ ذیل میں سنگ الونگ شفل کی ایک ویڈیو دیکھی جاسکتی ہے۔