اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)3ماہ قبل مردہ سمجھ کر دفنا دی جانیوالی خاتون زندہ واپس آگئی۔ تفصیلات کے مطابق چارسدہ کے تھانہ مندنی میں 10جولائی کو ایک شخص عرب دین نے اپنی دوسری بیوی کی 2کم سن
بیٹیوں سمیت گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی جس پر پولیس نے تفتیش کا آغاز کر دیا۔ عرب دین کی رپورٹ درج کرانے کے 6دن بعد زیارت کلے نہر سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی جسے مقامی انتظامیہ نے لاوارث قرار دیکر سرکاری قبرستان میں امانتاََ دفن کر دیا تھا۔ بعدازاں عرب دین نے دعویٰ کیا کہ امانتاََ دفنائی گئی خاتون اس کی بیوی تھی ۔عرب دین کی درخواست پر مقامی مجسٹریٹ نے پولیس اور لواحقین کی موجودگی میں قبر کشائی کی، اس وقت خاتون کی والدہ اور شوہر عرب دین نے لاش کی شناخت کی اور میت اپنے گاؤں مندنی لے گئے جہاں باقاعدہ نماز جنازہ ادا کی گئی، اس حوالے سے مقتولہ کے شوہر عرب دین نے اپنی دوسری بیوی کے قتل کی دعویداری اپنے2 بیٹوں جمشید اور رشید پر کی جس پر پولیس نے دونوں بھائیوں کو گرفتار کر لیا جو آج کل جیل میں ہیں۔اس کہانی میں ڈرامائی موڑ اس وقت سامنے آیا جب ہفتے کے روز پولیس کو رپورٹ ملی کے پراسرار طور پر غائب ہونیوالی نعیمہ خاتون جو کہ عرب دین کی دوسری بیوی ہے اپنی ایک بیٹی سمیت تنگی کے مضافاتی علاقے میں دیکھی گئی ہے جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نعیمہ کو اس کی کمسن بیٹی سمیت گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس سے تفتیش کا عمل جاری ہے ۔ پولیس حکام سردست کچھ بتانے سے انکاری ہیں، پولیس کے مطابق تاحال تفتیش جاری ہے جلد ہی اس حوالے سے میڈیا کو آگاہ کر دیا جائے گا۔