ڈبلن(این این آئی) آئرلینڈ میں ایک قیدی نے موبائل فون سیٹ نگل کر سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔مقامی میڈیا کے مطابق یہ عجوبہ روزگار واقعہ حال ہی میں ڈبلن کی ایک جیل میں پیش آیا جہاں ایک قیدی نے اپنے پاس موجود موبائل فون سالم حالت میں نگل لیا۔ 29 سالہ قیدی کو جیل میں لگا تار 4 گھنٹے قے ہوتی رہی جس کے بعد اسے ڈاکٹروں کو دکھایا گیا۔ ڈبلن میں واقع ایڈلیڈ اینڈ میتھ اسپتال کے ڈاکٹروں نے اس کا طبی معائنہ کرنے کے بعد بتایا کہ اسے کوئی عارضہ لاحق نہیں مگر اس کی قے بدستور برقراررہی۔ بعد ازاں ایکسرے کی مدد سے اس کے معدے اور سینے کا معائنہ کیا گیا تو پیٹ میں موبائل فون کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔رپورٹ کے مطابق 6.8 × 2.3 × 1.1 سینٹی میٹر سائز کے موبائل فون کو پیٹ سے نکالنے کے لیے سرجری کرنا پڑی اور یوں آٹھ گھنٹے کے بعد اس کے پیٹ سے موبائل نکالا جاسکا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے جس میں کسی شخص نے سالم حالت میں موبائل نگل لیا ہے۔خیال رہے کہ رواں سال جنوری میں انطالیہ میں ایک ترک خاتون نے کنھگا نگل لیا جسے نکالنے کے لیے ڈاکٹروں کو آپریشن کرنا پڑا تھا۔