وارسو(نیوزڈیسک) مشرقی یورپی ملک پولینڈ میں دماغی طور پر مردہ قرار دی گئی خاتون نے بچے کو جنم دینے کے بعد دم توڑ دیا۔غیر ملکی میڈیا نے ہسپتال حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ قبل از وقت پیدا ہونے والے بچے کی صحت کے حوالے سے اب کوئی پیچیدگی نہیں ہے۔پولینڈ کے جنوبی شہر راکلا کے یونیورسٹی ہسپتال کے چلڈرن یونٹ کے سربراہ ڈاکٹر باربرا کرولک اولینیک نے بتایا کہ دماغی طور پر مردہ بچے کی حاملہ ماں کو زچگی کےلئے 55 دن تک مصنوعی طور پر زندہ رکھا گیا۔41 سالہ خاتون کو گزشتہ سال دماغی کینسر سنگین ہونے کے بعد ہسپتال لایا گیا تھا جہاں انہیں ڈاکٹروں نے دماغی طور پر مردہ قرار دیا۔ڈاکٹر باربرا کرولک اولینیک نے کہا کہ خاتون کے اہلخانہ بچے کو بچانا چاہتے تھے کہ جس کے باعث دماغی مردہ خاتون کو مصنوعی طور پر 55 روز تک زندہ رکھا گیاتاہم جب بچے کی زندگی کو لاحق خطرات بڑھنے لگے تو رواں سال جنوری میں حمل کے 26ویں ہفتے میں اس کی آپریشن کے ذریعے ڈیلیوری کرائی گئی۔انہوںنے کہاکہ بچے کا پیدائش کے وقت وزن صرف ایک کلو گرام تھا، تاہم 3 ماہ کی انتہائی نگہداشت کے بعد اس کا وزن بڑھ کرتین کلو گرام ہوگیا اور اس کی صحت سے متعلق پیچیدگیاں ختم ہوگئیں، جس کے بعد اسے ہسپتال سے گھر بھیج دیا گیا۔