استنبول(نیوز ڈیسک) فٹبال کا کھیل یورپ بھر میں دیوانگی کا درجہ رکھتا ہے اور میدان میں کھلاڑیوں کا جذبہ جنون کی سطح کو چھونے لگتا ہے اور ایسا ہی کچھ ہوا یورپین کلب میچ کے دوران جب ریفری کی جانب سے مسلسل چار ریڈ کارڈ دکھانے پر ترکی کے کلب کے کھلاڑی سے ریفری سے الجھ پڑے اور کھلاڑی نے ریفری کوریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے چلے جانے کا اشارہ کردیا۔ترکی کے کلب ٹریب زونسپر اور گلیٹیسرے ایک دوسرے کے آ منے سامنے تھے اور میچ سنسی خیز انداز میں آگے بڑھ رہا تھا کہ ریفری نے چند ہی منٹ میں ایک دو نہیں بلکہ ٹریب کے 4 کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر کردیا جس پر ٹریب کے کھلاڑی مشتعل ہوگئے اور انہوں نے ریفری کو گھیرلیا اور اسی دوران ایک کھلاڑی کے ہاتھ ریفری کا کارڈ لگ گیا اور اس نے اسے کارڈ دکھا کر اشارہ کیا کہ وہ میدان سے باہر چلا جائے لیکن ریفری پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوا اور اس نے ریڈ کارڈ دکھا کر ہی دم لیا۔میچ جب ٹریب کی شکست پر ختم ہوا تو یہ جنگ میدان سے نکل کر سڑکوں پر پہنچ گئی اور کلب کے سیکڑوں حامی ہاتھوں میں ریڈ کارڈ اٹھائے ریفری کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے جب کہ ریفری کو ریڈ کارڈ دکھانے والا کھلاڑی جب باہر آیا تو اس کے مداحوں نے اس کا ہیرو جیسا استقبال کرتے ہوئے اسے کاندھے پر اٹھا لیا۔