کوالالمپور(مانیٹرنگ ڈیسک) ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب تین بوئنگ 747 طیاروں کے مالکان طیارے ایئرپورٹ پر کھڑے کر کے غائب ہو گئے۔ کوالالمپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ (KLIA) کے آپریٹرز نے تین نامعلوم جہازوں کے مالکان کی تلاش کیلئے ایک ملیشیائی اخبار میں اشتہار دے دیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ “اگر اس نوٹس کی تاریخ کے 14 دن کے اندر طیاروں کے مالکان کا کچھ پتہ نہ چلا تو ہم انہیں نیلام یا سکریپ کے طور پر فروخت کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ ملائشین ایئرپورٹ کے جنرل منیجر نے کہا کہ وہ جہازوںکے آخری مالک کو ڈھونڈ رہے ہیں جو کہ ملائشین نہیں ہیں بلکہ کسی اور ملک سے ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے ان جہازوں کو ایئرپورٹ پر چھوڑنے کی ایک وجہ یہ بھی بتائی کہ ہو سکتا ہے کہ مالکان کے پاس پیسے نہ ہوں کہ وہ ا ن جہازوں کو آپریشنل رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا پہلی مرتبہ نہیںہوا ہے کہ کوئی ایئرپورٹ پر جہاز چھوڑ کر چلا گیا ہے بلکہ اس سے پہلے بھی کئی چھوٹے جہاز اپنے مالکان چھوڑ کر جا چکے ہیں۔ 1990ءمیں بھی ایک ایسے نامعلوم جہاز کو فروخت کر کے کوالالمپور کے مضافات میں ریستوران میں تبدیل کر دیا گیاتھا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں