اسلام آباد(نیوز ڈیسک )اسپین سے تعلق رکھنے والے ہیئر ڈریسر البرٹو المیدو خطرناک انداز میں اپنے صارفین کی حجامت بناتے ہیں اور اس کے لیے وہ انتہائی گرم ’ بلوٹارچ‘ اور سمورائی تلواریں استعمال کرتے ہیں۔اس انوکھے طریقے کے باوجود خواتین کی اکثریت ان کے پاس بال کٹوانے آتی ہے اور ان کی خدمات سے مطمئین ہیں۔ البرٹو کے مطابق بالوں کے دونوں اطراف کو یکساں طور پر کاٹنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ انہیں ایک ساتھ کاٹا جائے اور اس کے لیے سمورائی تلواریں بہترین ہیں جو فلموں میں ننجا اور جاپانی فنکار استعمال کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ انگلیوں میں پہنی جانے والی کئی قینچیوں سے بہ یک بال تراشتے ہیں اور وہ بھی دونوں اطراف کے۔ البرٹو کے مطابق روایتی حجام پہلے ایک جانب کے بال کاٹتے ہیں اور پھر دوسری طرف جاتے ہیں جس سے تھوڑا بہت فرق رہ جاتا ہے اور ریاضیاتی طور پر بہترین طریقہ یہی ہے کہ بالوں کو ایک ساتھ دونوں اطراف سے کاٹا جائے لیکن اس میں مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔جب سے البرٹو نے بال تراشنے کی وڈیو پوسٹ کی ہے اس کے بعد سے اب تک 9 کروڑ لوگ اسے دیکھ چکے ہیں۔ اسی طرح برازیل میں بھی ایک ہیئر ڈریسر اسی انداز میں تلواروں سے بال تراشتے ہیں اور بالوں کو آگ سے گرم کرتے ہیں۔ تاہم البرٹو شعلے کو دور رکھ کر بالوں کی ٹریٹمنٹ کرتے ہیں اس سے بالوں کو خاص اسٹائل دیتے ہیں۔