وارسا(نیوز ڈیسک)پولینڈ میں بیش قیمت خزانہ دریافت کیا گیا ہے، جس کی باقاعدہ کھوج کے لیے فوج سے مدد حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پولینڈ کی وزارت دفاع کے ترجمان جیسک سونٹا نے بتایا کہ نازی دور کی سونے سے بھری ٹرین کی کھوج کے لیے تکنیکی تعاون اور جدید آلات کا بھی استعمال کیا جائے گا جس کے لیے فوج ہی مدد کر سکے گی۔ جنوب مشرقی پولینڈ کے گورنر نے بتایا کہ آرمی کو اس سلسلے میں ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں جو سب سے پہلے ٹرین کی لوکیشن کو یقینی بنائے گی۔ وزارت دفاع کے عہدیدار کی جانب سے ٹرین کی موجودگی کے 99فیصد امکانات کے بعد ٹرین کی تلاش کے کام میں تیزی آئی ہے۔ ان اطلاعات کے بعد پولیس نے ٹرین کے مقام والی جگہ کو عام لوگوں کے لیے بند کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ سونے اور زیورات اور جواہرات سے بھری ٹرین کے متعلق جرمن اور پولش باشندے اطلاعات فراہم کرچکے ہیں، جس کے بعد اس آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے۔