لندن(نیوز ڈیسک)جانور زیادہ کھا کر موٹے نہ ہو جائیں، اس پر لندن چڑیا گھر کی انتظامیہ نے جانوروں کے وزن اور پیمائش کا آغاز کردیا ہے۔ لندن کے چڑیا گھر میں انتظامیہ نے جانوروں کی سالانہ آڈٹ شروع کردی ہے۔ ہر سال چڑیا گھر میں موجود جانوروں کا وزن کیا جاتا ہے، تاکہ وہ مکمل صحت مند رہیں اور موٹاپے کا شکار نہ ہوں۔ لندن چڑیا گھر میں 17000چھوٹے بڑے جانور ہیں۔ پینگوئنز، بندر، اونٹ اور مینڈک سمیت تمام جانوروں کا باری باری وزن کیا جاتا ہے۔ چڑیا گھر کے اہلکاروں کے لیے یہ کام آسان نہیں، لیکن وہ مختلف تدابیر کرکے خطرناک جانوروں کو بھی ترازو پر ڈال دیتے ہیں اور ان کا وزن کرتے ہیں۔