اوتاوا(نیوزڈیسک )کینیڈا میں ایک پبلک لائبریری کی انتظامیہ کو بچے کا سچ بولنا اتنا بھایا کہ اس کا معذرتی نوٹ سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔ بچے کو شہرت اور انعام دونوں ملے۔ کتابیں پڑھنا بڑی ہی اچھی عادت ہے اور اگر یہ عادت بچوں میں ہو تو کیا ہی کہنے۔ کینیڈا میں بھی کتابوں کا شوقین ایک ایسا بچہ ہے جس سے غلطی ہوئی اور اس نے غلطی کی تلافی بڑے ہی پیارے انداز میں کی۔ ہوا کچھ یوں کہ ٹورنٹو کی پبلک لائبریری انتظامیہ کو کتاب پر ایک بچے جیکسن کا معذرتی نوٹ نظر آیا،جو انہیں ایسا بھایا کہ انھوں نے اسے سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ جیکسن نے معذرتی نوٹ یوں لکھا تھا کہ’میں معافی چاہتا ہوں کہ جب میں اسے پڑھتے ہوئے سو گیا تو یہ گر گئی اور ایک صفحہ پھٹ گیا، ایسا دوبارہ نہیں ہوگا،۔ یہ نوٹ سامنے آنے کے بعد جیکسن میڈیا کی توجہ کا مرکز بھی بنے اور انھیں سچ بولنے اور معذرت کرنے پر بہت سے تحائف بھی ملے۔ جیکسن کا کہنا ہے کہ انھیں لگ رہا تھا کہ لائبریری والے ان پر جرمانہ کریں گے اور والدہ بھی ناراض ہوں گی، لیکن کتاب پر نوٹ لکھنے سے انہیں اتنی شہرت ملی جس کا انہوں نے کبھی سوچا بھی نہ تھا اور والدہ بھی ناراض نہیں ہوئیں۔ جیکسن کا یہ پیارا سا سچ ، انٹرنیشنل میڈیا پر بھی مقبول ہوا۔