اسلام آباد(سپیشل اسائنمنٹ :احمد ارسلان ) لوری دے کر اپنے بچوں کو سلانا تو دنیا کی ہر ما ں کو آتا ہے یا دنیا میں کچھ لوگ لوگوں کو ہپناٹائز کرنا یا ان پر نیند کی کیفیت طاری کرنا بھی جانتے ہیں مگر یہ سب تو عام سی باتیں ہیں ۔حیران کن بات یہ ہے کہ اس دنیا میں ایک ایسی بچی بھی موجود ہے جو جانوروں کو ہپناٹائز کر سکتی ہے، انہیں سلا سکتی ہے ۔ چین کی باشندہ 5 سالہ ہان جیائنگ وہ لڑکی ہے جو اپنے اندر یہ حیرت انگیز صلاحیت ر کھتی ہے ۔ مختلف ٹی وی چینلز پر اپنے لائیو مظاہرے میں اس نے مختلف نسلوں کے 5 جانوروں کو صرف 5 منٹ میں سلاکر پوری دنیا کو حیران کر دیا۔کتے چھپکلی اور مینڈک کو تو اس نے سلایا ہی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ مرغی اورخرگوش جیسے شریر جانوروں کو بھی اس نے چند ہی لمحوں میں نیند کی وادی میں پہنچا دیا ۔ ننھی ہان جیائنگ ان جانوروں کو ہاتھوں اور اپنی آواز کے ذریعے سلاتی ہے جس کے بعد اس کی ایک آواز پر سب جانور ایک ساتھ اٹھ بیٹھتے ہیں ۔ماہرین کے مطابق جانوروں پر تنویمی کیفیت طاری کر دینا ایک سائنسی تکنیک ہے جسے سائنس کی اصطلاح میں Tonic immobility کہا جاتا ہے۔