کراچی (نیوز ڈیسک ) پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن نے ملک سے گدھوں کی کھالوں کی برآمد پر فوری طور پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے سابق صدر گلزار فیروز کے مطابق دو سال کے دوران گدھوں کی کھالوں کی برآمدات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ مالی سال 2014 میں 4 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کی 50 ہزار کھالیں ، جبکہ مالی سال 2015 میں 14 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کی 1 لاکھ 30 ہزار گدھوں کی کھالیں برآمد کی گئی ہیں۔گدھے کی یہ کھالیں چین ، ویت نام اور ہانگ کانگ برآمد کی جارہی ہیں۔ گلزار فیروز نے انکشاف کیا کہ گدھوں کو قصور اور پنجاب کے دیگر چھوٹے علاقوں سے چوری کرکے ذبح کیا جاتا ہے اور ان کا گوشت ہوٹلوں میں فروخت ہو رہا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے سال 2013 میں گدھے کی کھالوں کی برآمد کی اجازت دی تھی۔