لاہور(نیوزڈیسک)جرمنی کے ایک شخص نے گزشتہ برس طویل ترین سالگرہ منا کر پاکستانی خاتون کا ورلڈ ریکارڈ توڑ ڈالا۔گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق جرمنی کے رہائشی سون ہاگیمئیر نے گزشتہ برس 4 اگست کو مختلف ٹائم زونز میں سفر کرکے اپنے سپیشل دن کو 46 گھنٹوں تک محیط کیا اور 2 دن تک اپنی سالگرہ منائی۔سون نے آک لینڈ (نیوزی لینڈ) سے برسبن (آسٹریلیا) اور پھر ہونولولو (ہوائی) تک کا سفر کیا اور طویل ترین سالگرہ کا ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔اس طرح انہوں نے 1998 میں کراچی سے تعلق رکھنے والی خاتون نرگس کی جانب سے کراچی سے سنگاپور اور پھر سان فرانسسکو تک کا سفر کرکے طویل ترین سالگرہ کا ریکارڈ توڑا۔نرگس کی سالگرہ 25 گھنٹوں اور 25 منٹ تک محیط رہی تھی۔گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق سون نے اپنی سالگرہ کا دن جہاز میں کھانے پینے اور طویل ہوائی سفر کے دوران خود کو آرام دہ رکھنے میں صرف کیا تھا۔آدھی رات کو ہوائی میں لینڈنگ پر انھیں یہ ریکارڈ قائم کیے جانے کی خبر ملی اور گنیز بک ا?ف ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے سرٹیفکیٹ کو انھوں نے ایک”ناقابلِ یقین تحفہ” قرار دیا۔