یارکشائر(نیوز ڈیسک)ویسٹ یارکشائر کی پولیس کے مطابق انہیں ایک ایسے جذباتی شخص کی کال موصول ہوئی ہے جس نے اپنی گرل فرینڈ کی بلی گرفتار کرنے کیلئے پولیس طلب کی تھی۔آدمی کو غصہ تھا کہ اس کی گرل فرینڈ نے اپنی بلی کو آدمی کے حصے کا بیکن کھانے کی اجازت کیوں دی۔پولیس کے مطابق انہیں999 پر کال موصول ہوئی تھی جس میں وہ شخص نہایت پرسکون انداز میں بات کررہا تھا۔معاملے کی شکایت کرنے پر جب اس سے استفسار کیا گیا کہ وہ کیا چاہتا ہے تو اس نے نہایت سکون سے جواب دیا کہ وہ ان دونوں کو گرفتار کروانا چاہتا ہے۔اس شخص کو جب بتایا گیا کہ بیکن کھانے پر کسی شخص کیخلاف کارروائی ممکن نہیں تو بھی وہ شخص زور دیتا رہا کہ اس کی گرل فرینڈ نے چونکہ اپنی بلی کو بیکن کھانے کی اجازت دی، اس لئے اس کیخلاف کارروائی کی جائے۔یارکشائر پولیس نے یہ کال عوام میں آگہی پھیلانے کیلئے بطور مثال جاری کی ہے تاکہ عوام کو یہ بتایا جاسکے کہ ان کی بے مقصد کالز کی وجہ سے پولیس کا کتنا وقت ضائع ہوتا ہے اور ضرورت مندوں کو بروقت مدد ملنے میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔