اسلام آباد(نیوزڈیسک )بچے چاہے انسان کے ہوں یا جانور کے اپنی نازک مزاجی اور معصومیت سے جلد ہی لوگوں کو اپنا گرویدہ بنا لیتے ہیں۔ چین کے ایک پارک میں بھی ان دنوں جڑواں برفانی ریچھوں کی پیدائش نے وہاں کی رونقیں بحال کردی ہیں۔ پارک کی انتظامیہ کی جانب سے گذشتہ ہفتے پیدا ہونے والے ان ننھے ریچھوں کی پہلی جھلک جاری کردی گئی ہے۔ کوینچینگ پولر اوشین ورلڈ نامی اس پارک میں پیدا ہونے والے ان ننھے جڑواں بچوں کو دو ماہ تک ڈاکٹروں کی زیر نگرانی رکھا جائے گا، جبکہ انہیں اکتوبر میں نمائش کے لئے پیش کئے جانے کا امکان ہے۔