پیرس (نیوزڈیسک)فرانس کی حکومت نے دارالحکومت پیرس میں دریائے سین پر بنے تاریخی بون ڈیزار پل پر لگائے گئے محبت کی یادگار ہزاروں تالے تلف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پیرس بلدیہ کی انتظامیہ نے بون ڈیزار پل پر پچھلے کئی سال سے لگائے گئے محبت کے تالے اتار کر انہیں تلف کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ان تالوں کے بوجھ سے ایک سال قبل پل کا کچھ حصہ ٹوٹ کر دریا میں جا گرا تھا۔ون ڈیزار پل فرانس کے تاریخی اور مشہور مقامات میں سے ایک ہے جو دارالحکومت کا خوبصورت ترین مقام بھی سمجھا جاتا ہے عشق ومحبت کے اسیر رومانس پسند لوگ یہاں آتے اور اپنے محبوب سے محبت کے نام پر تالے لگاتے رہتے ہیں۔ پل کے کسی حصے پر قفل لگانے کے بعد اس کی چابی دریا میں پھینک دی جاتی ہے۔پچھلے سال تالوں کا بوجھ اتنا بڑھ گیا تھا کہ پل کا ایک حصہ ہی دریا برد ہوگیا تاہم اس وقت اتفاق سے پل پر کوئی شخص نہیں تھا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پیرس کی خاتون میئر کے معاون خصوصی برونو گولیار نے کہا کہ ہم پل پر لگائے گئے ایک ملین تالے اتارنے کی تیاری کررہے ہیں کیونکہ ان کا وزن اب 45 ٹن تک جا پہنچا ہے۔ انہوں نے پل پر قفل لگانے کے عمل کی مذمت کی اور اسے بدصورت عمل قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پل کے دونوں اطراف میں لکڑی کی باڑ اور تختوں کو ہٹا کر اس کی جگہ عارضی طور پر فن پارے آویزاں کیے جائیں گے اور آئندہ سال پ ±ل کے اطراف میں شیشے کی باڑ لگائی جائےگی۔