لندن (نیوز ڈیسک) شریک حیات کے انتخاب کے وقت مرد خواتین کی کس بات کو سب سے زیادہ اہمیت دیتے ہیں، اس کے متعلق طرح طرح کی باتیں مشہور ہیں لیکن ایک حالیہ سائنسی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ مردوں کے لئے خواتین کی اہم ترین بات ان کی ذہانت ہے نہ کہ جسمانی خدوخال یا جنسی دلکشی۔ کیمبرج یونیورسٹی کے ارتقائی حیاتیات کے ماہر پروفیسر ڈیوڈ بینبرج کا کہنا ہے کہ ان کی تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ مردوں کے لئے خواتین کی اہم ترین خصوصیت ذہانت ہے کیونکہ یہ بہترین تربیت کی عکاس ہے اور اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ خاتون ایک بہتر اور ذمہ دار ماں ثابت ہوگی۔ ذہین خواتین کے بارے میں مرد لاشعوری طور پر یہ بھی محسوس کرتے ہیں کہ ان کی پرورش ذہین والدین نے کی ہے اور نہ صرف بچپن میں ان کی اچھی دیکھ بھال کی گئی ہے بلکہ ان کی تربیت بھی احسن طریقے سے کی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ارتقائی حیاتیات کا مطالعہ ظاہر کرتا ہے کہ نسوانی حسن کا بہت نمایاں ہونا شریک حیات کی تلاش میں بنیادی عنصر نہیں ہے اور اسی طرح انہوں نے اس بات کو بھی رد کیا کہ لمبی ٹانگوں والی خواتین مردوں کو زیادہ دلکش لگتی ہیں۔
پروفیسر ڈیوڈ کا کہنا ہے کہ نمایاں نسوانی حسن یا لمبی ٹانگوں کی بجائے متناسب جسم اور متناسب خدوخال زیادہ اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ یہ اچھی صحت اور اچھے جینز کی نشانی ہیں۔ انہوں نے حے لٹریری فیسٹیول سے خطاب میں کہا کہ اگر آپ اس ایک چیز کے بارے میں پوچھنا چاہیں جس کی مردوں کو سب سے زیادہ تلاش ہوتی ہے تو وہ ذہانت ہی ہے۔