بیجنگ (نیوز ڈیسک) چین میں ایک بڑی دیوار گرنے سے دو افراد ہلاک جبکہ سات شدید زخمی ہوئے لیکن ملبے تلے سے ایک شخص کو نکالا گیا تو اس کے سر پر محض معمولی زخم آئے تھے اور اس کا دعویٰ ہے کہ اس کی جان نوکیا موبائل فون نے بچائی۔لانزو شہر میں اتوار کی سہ پہر 60 فٹ لمبی دیوار طوفانی ہواﺅں کی وجہ سے منہدم ہوگئی تھی۔ دیوار کے ساتھ چلنے والے متعدد راہگیر ملبے تلے دب گئے جن میں نوجوان جینگ منگ بھی شامل تھا۔ جینگ کا کہنا ہے کہ جب دیوار گری تو اس نے غیر ارادی طور پر اپنا نوکیا لومیا 920 موبائل فون اپنے سر پر رکھ لیا جس کی وجہ سے اس کا سر مہلک چوٹ سے محفوظ رہا۔ اس حادثے میں ملبے تلے دبنے والے دو افراد ہلاک جبکہ باقی شدید زخمی ہوئے لیکن جینگ کا سر محفوظ رہنے کی وجہ سے اسے بہت کم نقصان پہنچا، البتہ اس کے موبائل فون میں متعدد باریک دراڑیں پڑ گئیں۔