اسلام آباد (نیو ز ڈیسک )برطانیہ میں ایک گائے نے وہ کام کر دیا ہے کہ جس کی کوئی بھی اس سے توقع نہیں کر رہا تھا۔بکنگھم شائر سے تعلق رکھنے والی خاتون لز رابنسن نے اپنے خاوند اور بہن کے ساتھ مل کر ایک فارم بنا رکھا ہے جہاں وہ گائیں پالتے ہیں اور پھر انہیں گوشت کیلئے فروخت کرتے ہیں۔ چونکہ وہ نسل کشی نہیں کرتے لہٰذا ان کے فارم پر بیل کی ضرورت نہیں ہے اور یہاں صرف گائیں رکھی جاتی ہیں۔ لز کہتی ہیں کہ انہیں اچانک نصف شب کے قریب باڑے میں سے کچھ آوزیں آئیں تو وہ اور ان کے خاوند وہاں پہنچے اور یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ایک گائے بچھڑے کو جنم دے رہی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی گائیں کبھی باڑے سے باہر نہ گئی تھیں اور نہ ہی وہاں کبھی کوئی بیل لایا گیا تھا۔ ڈیکسٹر نامی گائے کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس میں کوئی ایسے آثار بھی نظر نہ آئے جن سے توقع کی جا سکتی تھی کہ وہ بچھڑے کو جنم دے گی۔ لز کہتی ہیں کہ یہ گائے بھی دیگر چھ گائیوں کے ساتھ لائی گئی تھی اور فارم کے ملازمین بھی حیران ہیں کہ یہ کیا ہوا۔ لز اور ان کا سٹاف تاحال معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے مگر ابھی تک بچھڑے کی پیدائش کا معمہ حل نہیں ہو سکا۔ ننھے بچھڑے کو فارم میں لگائے گئے پھولوں کی نسبت سے ”پیٹل“ کا نام دیا گیا ہے۔