اسلام آباد (نیوز ڈیسک )حیاءسوز تعلقات کو فروغ دینے کے لئے قائم کی گئی بدنام زمانہ ویب سائٹ اڈلٹ فرینڈ فائنڈر نے اپنے صارفین پر یہ انکشاف کرکے بجلی گرادی ہے کہ ان کا پرائیویٹ ڈیٹا بڑے پیمانے پر لیک ہوگیا ہے۔مختصر دورانیے کے تعلقات کے لئے ساتھی ڈھونڈنے میں مدد فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے تقریباً ساڑھے چار کروڑ صارف ہیں۔ ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ اس کے تقریباً چالیس لاکھ صارفین کا حساس نوعیت کا ڈیٹا چوری ہوگیا ہے جس میں ای میل ایڈریس، جنسی ترجیحات اور دیگر پرائیویٹ معلومات شامل ہیں۔ اس انکشاف کے بعد ویب سائٹ کے لاکھوں صارفین شدید پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں کیونکہ وہ نہیں جانتے کہ کب اور کہاں ان کی شرمناک تفصیلات دنیا کے سامنے آجائیں گی۔ ویب سائٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈیٹا چوری ہونے کی اطلاع پولیس کو دے دی گئی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ انتظامیہ کے ایک بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوجاتیں یہ بتانا ممکن نہیں ہوگا کہ اس واقع میں کل کتنے صارفین متاثر ہوئے ہیں اور ڈیٹا کی چوری کا پھیلاﺅ اور گہرائی کس حد تک ہے۔