اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) برطانیہ کی ایک کمپنی ریڈنگ بس نے گائے کے گوبر سے دوڑنے والی ایک بس کو 76.785 میل فی گھنٹہ کی غیر معمولی رفتار سے دوڑانے کا تجربہ کیا ہے۔بس پر گائے کی کھال کی طرح سیاہ اور سفید پینٹنگ کی گئی ہے اور اس میں پیٹرول اور ڈیزل کی جگہ گائے کے گوبر کو بطور ایندھن استعمال کیا گیا ہے۔ کمپنی کے چیف جان بکرٹن کہتے ہیں کہ بایو میتھین سے چلنے والی اس بس کی رفتار کا ریکارڈ برابر کرنے میں بہت وقت لگے گا اوراس وقت ہماری 34 بسیں گائے کے گوبر سے بننے والے ایندھن کی مدد سے چل رہی ہیں جس کے لئے بس کی چھت پر 7 بڑے ٹینک لگائے گئے ہیں اور ان ٹینکوں میں گائے کا گوبر بھرا جاتا ہے جسے ’ان ایئروبک ڈائجیسشن ‘ کے عمل سے گزارا جاتا ہے اور اس طرح بایوگیس پیدا ہوتی ہے اور بعد میں اس گیس کو پریشر کے ذریعے مائع میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ماحولیاتی ماہرین نے اسے اہم پیش رفت قراردیتے ہوئے ماحول دوست قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بسیں عوامی ٹرانسپورٹ کا ایک بہترین ذریعہ ہیں اور ترقی پذیر لیکن زرعی ممالک میں گائے کے گوبر کی بہتات سے انہیں پسماندہ ممالک میں بہت کامیابی سے استعمال کیا جاسکتا ہے کیونکہ پیٹرول اور ڈیزل سے ہونے والی آلودگی اور گیسوں سے زمینی ماحول تباہ ہورہا ہے جس کے باعث دنیا کے درجہ حرارت میں اضافہ ہورہا ہے۔