اسلام آباد (نیوز ڈیسک )سٹیو کی گاڑی کو گزشتہ کئی سال کے دوران بارہا کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کیا اور یہ ہمیشہ نمبر پلیٹ کے بغیر نظر آئی۔ امریکا جیسے ملک میں کئی سال تک نمبر پلیٹ کے بغیر گاڑی چلانا کیسے ممکن ہوا؟ کیا ایپل کے بانی ہر روز جرمانہ ادا کرتے تھے؟ کیا انہوں نے کوئی سپیشل اجازت نامہ لے رکھا تھا؟ کیا وہ محض خوش قسمتی سے کبھی پکڑے نہیں گئے؟ دراصل سٹیو جابز نے ریاست کیلیفورنیا کے قانون کی ایک باریکی کو استعمال کرتے ہوئے کئی سال تک نمبر پلیٹ کے بغیر گاڑی چلائی۔ ریاست کے قانون کے مطابق برانڈ نیوگاڑی رکھنے والا کوئی بھی شخص چھ ماہ کے دوران نمبر پلیٹ لگاسکتا ہے، یعنی نئی گاڑی کی صورت میں چھ ماہ نمبر پلیٹ کے بغیر گزارے جاسکتے ہیں۔ سٹیو نے ایک لیزنگ کمپنی کے ساتھ اس طرح کی ترکیب بنارکھی تھی کہ وہ چھ ماہ مکمل ہونے سے پہلے ہی نئی گاڑی لے لیتے تھے۔ ان کے پاس کبھی بھی چھ ماہ سے پرانی گاڑی نہ رہی اور یہی وجہ ہے کہ وہ قانونی طور پر نمبر پلیٹ لگانے کے پابند نہ تھے۔ دوسری جانب لیزنگ کمپنی بھی بہت خوش رہی کیونکہ دنیا کی مشہور ترین شخصیات میں سے ایک، سٹیوجابز، ان سے ہر چھ ماہ بعد ایک نئی گاڑی لیتے تھے۔