ہالینڈ(نیوزڈیسک)آپ نے سناہوگاکہ چوراپنی واردات میں کسی گھرمیں گھس کرقیمتی اشیاءچوری کرتے ہیں لیکن ہالینڈمیں ایک ایساواقعہ پیش آیاکہ چورگھرکاقیمتی سامان سمیت گھرکے مالک کوبھی چوری کرکے لے گئے جس کے نتیجے میں ان کوجیل کی ہواکھاناپڑی۔ہالینڈ میں گذشتہ روزطلوع آفتاب سے قبل دو چوروں نے سیاحت کے دوران رہائش کے لیے استعمال ہونے والی ایک کیمپنگ وین چرائی لیکن اس جرم کے کچھ ہی دیر بعد پکڑے گئے۔ انہیں اندازہ ہی نہ ہوا کہ ’گھر‘ کا مالک بھی گھر کے اندر تھا۔ایمسٹرڈم سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ واقعہ ہالینڈ کے چھوٹے سے شہر ڈَیلفٹ Delft میں پیش آیا۔ دو چوروں نے ایک پبلک پارکنگ ایریا میں کھڑی ایک کیمپنگ وین چرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ وہ پہلے سے پروگرام بنا کر اپنی گاڑی میں وہاں آئے تھے اور چپکے سے انہوں نے اس وین کو اپنی گاڑی کے ہینگر کے ساتھ جوڑا اور جائے واردات سے روانہ ہو گئے۔انہوں نے یہ سوچا ہی نہیں تھا کہ اس کیمپنگ وین یا ’کارواں‘ کا مالک بھی ا±س وقت اس کے اندر ہو سکتا تھا۔ لیکن اس وین کا مالک اس وقت نہ صرف اندر موجود تھا بلکہ بڑی خاموشی اور توجہ سے ایک ٹیبل لیمپ کی روشنی میں کوئی کام کر رہا تھا۔ سخت سردی اور برفانی موسم تک میں قابل استعمال ایسے اکثر موبائل گھروں کی طرح اس وین کے بارے میں بھی یہ اندازہ لگانا مشکل تھا کہ اندر روشنی ہے یا کوئی شخص بھی موجود ہے۔جب کیمپنگ وین کے مالک نے محسوس کیا کہ اس کا ’گھر‘ تو اچانک سفر میں آ گیا ہے تو اس نے نہ صرف اپنے موبائل فون سے پولیس کو خبردار کر دیا بلکہ ایک ’کھڑکی‘ میں سے ٹارچ کی مدد سے چوروں کی گاڑی کا نمبر بھی نوٹ کر لیا۔چوروں نے جب اپنے پیچھے ٹارچ کی روشنی دیکھ کر محسوس کیا کہ چوری کردہ ’کارواں‘ میں کوئی موجود ہے، تو انہوں نے گھبرا کر اپنی گاڑی روکی، مالک کے باہر نکلنے سے پہلے کیمپنگ وین کو ہینگر سے علیحدہ کیا اور فرار ہو گئے۔ڈَیلفٹ پولیس کے مطابق موبائل ہوم کے مالک کی بروقت اطلاع بڑی مددگار ثابت ہوئی اور گاڑی کا نمبر معلوم ہونے کی وجہ سے تھوڑی ہی دیر بعد دونوں ملزم ایک قریبی علاقے سے گرفتار کر لیے گئے۔ ان دونوں مردوں کی عمریں 36 اور 23 سال بتائی گئی ہیں اور ان کے خلاف اسی وقت مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔جنوبی ہالینڈ کے ایک لاکھ کی آبادی والے شہر ڈَیلفٹ کی پولیس کے مطابق ملزموں نے یہ موبائل ہوم چوری تو کر لیا تھا لیکن انہیں اس بارے میں ان کی لاعلمی لے ڈوبی کہ انہوں نے اس ’گھر کو گھر کے مالک سمیت‘ چوری کیا تھا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں