اسلام آباد (نیوز ڈیسک) متحدہ امارات میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ نے اب ایک اور بلند ترین ریکارڈ بنا لیا ہے جس کا ٹوٹنا تقریباً ناممکن نظر آتا ہے۔اس بلند ترین عمارت میں لگائی گئی لفٹوں نے اس کی بنیاد سے لے کر چوٹی تک اب تک جو فاصلہ طے کیا ہے وہ زمیں سے چاند تک کے فاصلے سے بھی زیادہ ہو چکا ہے۔ عمارت کی بلندی 828 میٹر ہے اور اس کی لفٹیں پانچ سال سے مسلسل رواں دواں ہیں۔عمارت کی بلندی پر واقع آبزرویٹری ڈیک اپنی نوعیت کی بلند ترین جگہ ہے اور اس تک پہنچنے کے لئے لفٹس 124 منزلوں کا سفر طے کرتی ہیں۔ اب تک یہ لفٹس 384,400 کلومیٹر سے بھی زائد فاصلہ طے کر چکی ہیں جو کہ ایک نیا ورلڈ ریکارڈ ہے۔ عمارت کے بلند ترین مقام تک جانے والی دو لفٹس روزانہ اوسطاً 244.4 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتی ہیں۔برج خلیفہ کے پاس اس وقت سات گینز ورلڈ ریکارڈ ہیں جن میں دنیا کا بلند ترین آبزرویٹری ڈیک، دنیا کی بلند ترین عمارت اور انسان کے بنائے ہوئے دنیا کے بلند ترین سٹرکچر کے ورلڈ ریکارڈ بھی شامل ہیں۔