اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مانے یا نہ مانے مگر اب تو ننھے فرشتے چلنے یا بولنے سے پہلے یعنی صرف 6 ماہ کی عمر سے ہی ٹیبلیٹ یا اسمارٹ فون استعمال کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ جی ہاں واقعی یہ حیرت انگیز دعویٰ ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔ پیڈیا ٹرک اکیڈمک سوسائٹیز کے سالانہ اجلاس کے موقع پر پیش کی جانے والی تحقیق کے مطابق اب ایک سال سے کم عمر ایک تہائی سے زیادہ بچے اسمارٹ فون یا ٹیبلیٹ جیسی ڈیوائس کا استعمال کرتے نظر آتے ہیں جبکہ ایک سال کی عمر کا ہر سات میں سے ایک بچہ کم از کم ایک گھنٹہ ان کھلونوں کو استعمال کرتا ہے۔ تحقیق کے مطابق 2 سال کی عمر میں یہ شرح دو تہائی تک پہنچ جاتی ہے بلکہ ان میں سے بیشتر موبائل فون کا کافی حد تک درست طریقے سے استعمال بھی کرنے لگتے ہیں۔ اسی طرح ایک سال سے کم عمر 52 فیصد بچے ٹیلیویڑن سے بھی دل بہلاتے ہیں، 36 فیصد ٹچ سکرین ٹیکنالوجی والی ڈیوائس کو چھو کر اسے سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں، 24 فیصد تو کسی کو فون بھی ملا دیتے ہیں، جبکہ 15 فیصد اپلیکشنز استعمال کرکے والدین کو دنگ کردیتے ہیں اور 12 فیصد تو ایسے ہیں جو ویڈیو گیمز بھی کھیل لیتے ہیں۔ –