لندن(این این آئی)برطانیہ کے طبی محققین اور سائنسدانوں نے طب کے شعبے میں ایک غیر معمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک ایسا جدید خون کا ٹیسٹ ایجاد کر لیا ہے
جو علامات ظاہر ہونے سے برسوں قبل جسم میں پنپنے والے کینسر کی درست نشاندہی کر دیتا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لندن کے کینسر تحقیقی مرکز کی جانب سے معروف طبی جریدے میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہزاروں مریضوں پر کیے گئے کلینیکل تجربات مکمل ہونے کے بعد اس ٹیسٹ کی کامیابی کی شرح نوے فیصد سے زائد ثابت ہوئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ مریض کے خون کے محض ایک نمونے کے تجزیے سے پھیپھڑوں، جگر، معدے، لبلبے سمیت پچاس مختلف اقسام کے سرطان کا ابتدائی مرحلے میں ہی پتہ چلایا جا سکتا ہے۔ ماہرینِ طب کا کہنا تھا کہ مرض کی بروقت تشخیص سے مریضوں کے مکمل صحت یاب ہونے کے امکانات کئی گنا بڑھ گئے ہیں، آئندہ چند ماہ میں یہ ٹیسٹ سرکاری ہسپتالوں میں دستیاب ہوگا۔



















































