بوسٹن(این این آئی)امریکی طبی ماہرین کی ایک تازہ ترین تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ بازار میں دستیاب میٹھے مشروبات اور مصنوعی مٹھاس والے سافٹ ڈرنکس کا روزانہ استعمال جگر میں چربی جمنے اور دیگر سنگین امراض کے خطرے کو کئی گنا بڑھا دیتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بوسٹن کے طبی تحقیقی ادارے نے ہزاروں افراد کی غذائی عادات کا طویل عرصے تک جائزہ لینے کے بعد انکشاف کیا کہ جو لوگ روزانہ ایک سے زائد میٹھا مشروب پیتے ہیں ان میں جگر کی سوزش اور ناکارہ ہونے کے امکانات نمایاں طور پر زیادہ پائے گئے۔ ماہرینِ غذائیت کا کہنا تھا کہ مصنوعی مٹھاس جسم کے میٹابولزم کو متاثر کرتی ہے جس سے نہ صرف جگر بلکہ دل اور ذیابیطس کے مسائل بھی جنم لیتے ہیں۔
ڈاکٹروں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ صحت مند زندگی کے لیے بازاری مشروبات ترک کر کے سادہ پانی اور تازہ پھلوں کا انتخاب کریں۔



















































