کراچی (این این آئی)نیند کی کمی محض تھکاوٹ اور سستی کا سبب نہیں بلکہ یہ جسم کے میٹابولزم اور خون میں شکر کی سطح کو کنٹرول کرنے کے نظام کو بھی متاثر کرسکتی ہے۔
ایک نئی تحقیق میں خاص طور پر خواتین، بالخصوص سنِ یاس سے گزرنے والی خواتین میں ناکافی نیند اور انسولین کی مزاحمت کے درمیان تعلق سامنے آیا ہے، جس سے ٹائپ ٹو ذیابیطس کا خطرہ بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔طبی جریدے ‘ڈائیبیٹس کیئر’ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق نیند کی کمی خواتین کے جسم میں انسولین کے مؤثر استعمال کو متاثر کرسکتی ہے۔ محققین نے خبردار کیا ہے کہ طویل عرصے تک مناسب نیند نہ لینا صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔تحقیق میں 20 سے 75 سال کی عمر کی 40 خواتین کو شامل کیا گیا، جن میں زیادہ وزن، موٹاپے، خاندانی طور پر ذیابیطس کی موجودگی، خون میں چکنائی کی بلند سطح یا امراضِ قلب جیسے عوامل کے باعث کارڈیو میٹابولک بیماریوں کا خطرہ زیادہ تھا۔تحقیق کے دوران شرکا کو چھ ہفتوں کے مختلف مراحل سے گزارا گیا۔
ایک مرحلے میں خواتین نے مناسب اور صحت مند نیند کا معمول اپنایا، جبکہ دوسرے مرحلے میں ان کی نیند کا دورانیہ روزانہ صرف چھ گھنٹے تک محدود رکھا گیا۔تحقیق کی سینئر مصنفہ میری پیئر سینٹ اونگے کے مطابق نیند محدود ہونے کی صورت میں جسم کو خون میں گلوکوز کی سطح معمول پر رکھنے کے لیے زیادہ انسولین کی ضرورت پڑتی ہے، جو انسولین کی مزاحمت میں اضافے کی نشاندہی کرتی ہے۔تحقیق کے نتائج سے ظاہر ہوا کہ کم نیند لینے والی خواتین میں انسولین کی مزاحمت ان خواتین کے مقابلے میں زیادہ تھی جنہوں نے مناسب نیند حاصل کی۔ ماہرین کے مطابق یہ نتائج خصوصاً سنِ یاس کے بعد خواتین کی صحت میں نیند کے معیار کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔محققین نے زور دیا ہے کہ ٹائپ ٹو ذیابیطس سمیت مختلف میٹابولک بیماریوں کے خطرات کم کرنے کے لیے مناسب اور معیاری نیند کو روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بنایا جانا چاہیے۔



















































