لاہور (این این آئی)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے شہر بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے 22فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کی چیکنگ کی۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ناقص انتظامات پر 2یونٹس بند جبکہ 20فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 5لاکھ 76ہزار روپے جرمانے عائد کر دیئے، کارروائیوں کے دوران 2من سے زائد ناقص اور مضر صحت اشیائے خورونوش تلف کر دی گئیں، جوہر ٹائون میں معروف فاسٹ فوڈ آٹ لیٹ کو ناقص انتظامات کے باعث بند کیا گیا جبکہ علامہ اقبال ٹائون میں پانی کے نمونے فیل ہونے پر واٹر پلانٹ کی پروڈکشن روک دی گئی۔ترجمان کے مطابق مختلف فوڈ یونٹس میں صفائی کے ناقص انتظامات اور حشرات کی بھرمار پائی گئی،
اس کے علاوہ ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس سمیت ضروری ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ خوراک میں ملاوٹ اور جعلسازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔



















































