واشنگٹن(این این آئی ) امریکی سائنسدانوں نے دعوی کیا ہے کہ انہوں نے کرونا وائرس کا کمزور پہلودریافت کرلیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسکریپس ریسرچ کی تحقیق میں بتایا گیا کہ وائرس کے ایک مخصوص حصے کو ویکسین سے ہدف بنایا جاسکتا ہے۔
درحقیقت انہوں نے ایک انسانی اینٹی باڈی کو نئے کورونا وائرس پر آزمایا، جو برسوں پہلے سارس کورونا وائرس کو شکست دینے والے ایک مریض سے حاصل کیا گیا تھا اور وہ نئے کورونا وائرس کو بھی کمزور کرنے میں کامیاب رہا۔محققین کا کہنا تھا کہ اس کمزور حصے کا علم نئے کورونا وائرس کے خلاف ویکسینز اور تھراپیز کی تیاری میں مدد دے گا جبکہ اس سے ان کورونا وائرسز سے تحفظ بھی مل سکے گا جو مستقبل میں ابھر سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ دریافت کیا جانے والا حصہ ممکنہ طور پر اس وائرس کا کمزور ترین پہلو ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے وائرس کی خامی دریافت کرنا بہت مشکل ہے جو اس کے اسرار میں اضافہ کرتا ہے۔محققین کے مطابق ہم نے وہ حصہ دریافت کیا ہے جو عموما وائرس کے اندر چھپا ہوتا ہے اور اسی وقت ظاہر ہوتا ہے جب وائرس کی ساخت میں تبدیلیاں آتی ہیں۔اس تحقیق کے دوران کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کے مریضوں کو تلاش کرنے کی کوشش کی گئی جو ممکنہ اینٹی باڈیز کے لیے خون کو عطیہ کرسکیں۔