واشنگٹن(این این آئی )امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ایک پادری سے ہاتھ ملانے والے سیکڑوں افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خود کو قرنطینہ میں رکھیں، کیونکہ پادری کروناوائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق واشنگٹن کے علاقے جارج ٹاؤن میں کرائسٹ چرچ ایپسکوپال کے پادری ٹموتھی کول کو گزشتہ پیر کو فلو جیسی شکایت پر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
ہفتے کو ان کا ٹیسٹ مثبت آیا۔شہری انتظامیہ نے 24 فروری سے 3 مارچ کے درمیان گرجا گھر جانے والے تمام افراد سے کہا ہے کہ وہ آخری بار گرجا جانے کے دن سے اگلے 14 دن تک خود کو قرنطینہ میں رکھیں۔گرجا گھر کی انتظامیہ نے کہا ہ احتیاطی تدبیر کے طور پر تمام سروسز کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ سوا دو سال میں یہ پہلا موقع ہے کہ گرجا گھر میں عبادات بند کی گئی ہیں۔پادری کول نے ایک ای میل کے ذریعے لوگوں کو خیریت کا دلاسہ دیا ہے اور کہا ہے کہ ان کا بہترین علاج ہو رہا ہے اور وہ ٹھیک ہو کر جلد واپس آئیں گے۔ ان کے علاوہ ان کے اہلخانہ بھی قرنطینہ میں رکھے گئے ہیں۔