کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سرد ہوائیں چلنے کے باعث بچوں میں سانس کی بیماریاں بڑھ گئیں قومی ادارہ صحت اطفال میں روزانہ 3ہزار بچے لائےجارہے ہیں، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ والدین نومولود اور کم عمربچوں کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ تفصیلات کے مطابق سردی کی شدت میں اضافے کے اثرات بچوں کی صحت پر بھی پڑرہے ہیں، قومی ادارہ برائے صحت برائے اطفال میں تین ہزار سے زائد بچوں کو یومیہ معائنے کے لیے لایا جارہا ہے۔ سردی کی شدت میں اضافے کے دوران اگر
نومولود اور کم عمر بچوں کیلئے والدین کی جانب سے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا جائے تو بچوں کے موسمی اثرات سے متاثر ہونے کے واقعات رپورٹ ہوتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق قومی ادارہ برائے صحت اطفال کم عمر بچوں میں سانس تیزی سے چلنے کے ڈیڑھ ہزار سے زائد واقعات چوبیس گھنٹوں کے دوران سامنے آتے ہیں۔ اس حوالے سے ماہرین اطفال کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا والدین کی اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے تاہم بیشتر والدین ان امور کو نظرانداز کردیتے ہیں۔