لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں آپریشن کی ناکامی کے بعد موٹاپے کی شکار بھارتی خاتون کی پاکستان میں کامیاب سرجری کردی گئی، جس کے بعد ان کا وزن150سے کم ہوکر صرف 80 کلو گرام رہ جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق موٹاپے کی شکار 37سالہ بھارتی خاتون
مولی ساسن کا کامیاب آپریشن کرکے پاکستانی ڈاکٹر نے ملک کا نام روشن کردیا۔ بھارتی شہریوں نے بھی علاج کروانے کے لیے پاکستان کا رخ کرلیا۔150کلو گرام وزنی بھارتی خاتون کی پاکستان میں کامیاب سرجری کر دی گئی جس کے بعد اس کا وزن صرف 80 کلو گرام رہ جائے گا۔ مذکورہ خاتون نے پہلا آپریشن بھارت کے شہر ممبئی میں کروایا تھا جو ناکام ثابت ہوا جس کے بعد وہ دیگر پریشانیوں میں مبتلا ہوگئیں، بعد ازاں کچھ دوستوں کے مشورے کے بعد وہ اپنی والدہ کے ہمراہ پاکستان آئیں اور لاہور کے ایک نجی اسپتال میں علاج کی غرض سے داخل ہوئیں جہاں گزشتہ روز ان کا کامیاب آپریشن کیا گیا۔ موٹاپے کی وجہ سے مولی ساسن بلڈ پریشر اور شوگر کے مرض میں مبتلا ہیں، ان کا آپریشن کرنے والے پاکستانی ڈاکٹر معاذ کا کہنا ہے کہ مولی ساسن کا دوبارہ آپریشن کرکے معدہ چھوٹا کیا گیا ہے اور چھ ماہ کے دوران ان کا وزن 150 سے کم ہوکر80کلو گرام ہوجائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ دیگر ممالک کے مریض بھی پاکستانی ڈاکٹرز پر اعتماد کر رہے ہیں۔