لاہور( این این آئی )پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شیخوپورہ روڈ پر کارروائی کر کے گلے سڑے زائدالمیعاد پلپ سے جوس تیار کرنے، مکھیاں اور مردہ کیڑے برآمد ہونے پر پیور فوڈز فیکٹری کو سربمہر کر کے ناقص جوس کے 5لاکھ پیکٹ بھی برآمد کرلیے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے اتوار کے روز پیو ر فوڈز فیکٹری پر چھاپہ مارا
جہاں گلے سڑے پلپ اور کیمیکل سے جوس تیار کیا جا رہا تھا۔ فوڈ اتھارٹی نے پانچ لاکھ پیکٹ تیار جوس اور آٹھ ٹن زائدالمیعاد پلپ برآمد کرلیا۔فیکٹری میں موجود جوسز کے ٹیسٹ کیے گئے جو معیار پر پورا نہ اترے، پلپ ذخیرہ کرنے کیلئے استعمال ہونے والے ٹینک سے مکھیاں اور مردہ کیڑے برآمد ہوئے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نور الامین مینگل کا کہناہے کہ ایسے جوس اور مشروبات بچوں میں جگر، معدے کا السر، کینسر اور انتڑیوں کی بیماریاں پھوٹنے کا باعث بنتے ہیں۔انہوںنے بتایا کہ فیکٹری مالکان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔