اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) گرمیوں کا موسم اپنے جوبن پرہے،گرمیوںمیں ناک سے خون بہنا عام بات ہے جو ہر کسی کیساتھ پیش آتی رہتی ہے۔ جس کی ایک وجہ بلڈ پریشر یا انفیکشن بھی ہو سکتی ہے یا پھر ناک کی ہڈی ٹیڑھی ہونے اور ناک پر زخم لگنے سے بھی ایسا ہو سکتا ہے تاہم ایسی صورت میں پریشان ہونے کی بجائے چند اقداما ت پر عمل کر کے اس پریشانی سے فوری نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی وجہ سے ناک سے خون بہنے کی صورت میں مریض کو چاہیے کہ وہ سر ذرا آگے کر کے بیٹھ جائے اور ایک ہاتھ سے نتھنوں کو 10منٹ تک دبا کر رکھے ۔ناک کو دبانے کے ساتھ اگر میسر ہو تو ٹھنڈی پٹیاں یا برف ناک کے ساتھ لگائی جائے۔ماہرین کے مطابق عام طور پر جب کسی کے ناک سے خون بہنا شروع ہو جائے تو اس کے سر پہ پانی ڈالا جاتا ہے جس کا اچھا اثر ہوتا ہے۔ اگر ان طریقوں سے بھی خون بہنا بند نہ ہو تو پھر مریض کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا جائے ۔