اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ہم بہت عرصے سے سنتے آئے ہیں کہ رات کا کھانا جلد کھا لینا چاہئے سونے سے پہلے کچھ کھانے سے گریز کرنا چاہئے مگر اب تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ رات میں کچھ نہ کھانے کا کتنا فائدہ ہوتا ہے ۔
تحقیق کے مطابق رات میں تقریباً تیرہ گھنٹے بھوکا رہنا نہ صرف کئی بیماریوں سے بچاتا ہے بلکہ چھاتی کے سرطان جو کہ ابتدائی اسٹیج پر ہوں کو بھی روکنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔چھاتی کا سرطان ترقی یافتہ ممالک میں عورتوں کی اموات کا سب سے بڑا سبب ہے اورپوری دنیا میں موجود مختلف سرطانوں میں دوسرے نمبرپرہے جس سے سب سے زیادہ اموات واقع ہوتی ہیں۔صرف امریکہ میں دوہزار بارہ میں دو لاکھ چوبیس ہزار ایک سو سینتالیس عورتیں اور دوہزار ایک سو پچیس مردوں میں چھاتی کے سرطان کی تشخیص کی گئی اور اکتالیس ہزار ایک سو پچاس عورتیں اور چار سو پچاس مرد زندگی کی بازی ہار گئے ۔چھاتی کے سرطان کوروکنے میں متوازن غذا بھی اہم کردارادا کرتی ہے بہرحال تحقیق سے جو نتیجہ حاصل ہوا ہے اس سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کون سی غذا یاغذائی گروپ یا کون سا غذائی طریقہ آپ کے لئے فائدہ مند ہوسکتا ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نہ صرف چھاتی کے سرطان کو روکنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں بلکہ ذیابیطس کی ٹائپ ٹو ، دل کی بیماریوں اور دوسرے سرطان میں بچائومیں بھی مفید ثابت ہوتی ہے۔