اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ہم لوگ انڈے محفوظ کرنے کے لیے انہیں ڈبے سے نکال کر فریج کے دروازے میں رکھ دیتے ہیں۔ یہاں بھی انڈے چند دن ہی نکال پاتے ہیں اور خراب ہو جاتے ہیں۔ اب ماہرین نے اس کی وجہ بیان کر دی ہے اور انڈوں کو زیادہ دیر تک محفوظ کرنے کا طریقہ بھی بتادیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ”انڈوں کو ان کے باکس سے نکال کر فریج کے دروازے میں رکھنا غلط ہے۔ انہیں باکس میں ہی رہنے دینا چاہیے اور فریج کے اندر درمیانی شیلف پر رکھنا چاہیے۔“
ماہرین کا کہنا تھا کہ ”دروازے میں انڈے رکھنے سے وہ اس لیے خراب ہو جاتے ہیں کہ وہاں درجہ حرارت مستقل نہیں رہتا۔ دروازہ کھلنے پر کم اور زیادہ ہوتا رہتا ہے۔ اس کے علاوہ وہاں انڈوں کے آلودہ ہونے کا بھی خدشہ رہتا ہے۔ یہ دو عوامل ان کے خراب ہونے کی وجہ بنتے ہیں۔ اگر انہیں باکس کے ساتھ درمیانی شیلف پر رکھا جائے تو نہ یہ آلودہ ہوں گے اور وہاں درجہ حرارت بھی مستقل طور پر یکساں رہے گا، چنانچہ یہ زیادہ دن تک محفوظ رہیں گے۔“