کراچی (آئی این پی) شہر قائد میں دس روز کے دوران دو سو اکیس مریض چکن گنیا سے متاثر ہوئے۔ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے تعینات کیے گئے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر مسعود سولنگی کے مطابق سب سے زیادہ مریض ابرہیم حیدری اسپتال میں رپورٹ ہوئے۔ جہاں وائرس سے متاثرہ 131 افراد لائے گئے جبکہ ملیر اور کیماڑی میں 81 اور سعود آباد اسپتال میں 9 مریض چکن گنیا کے شبے میں اسپتال لائے گئے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ چکن گنیا میں مبتلا مریض جوڑوں اور پٹھوں کے درد اور بخار کی شکایت کے ساتھ آتے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کی ٹیم نے محکمہ صحت کی درخواست پر کراچی کا دورہ کیا تھا۔ مختلف علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ٹیم نے حکومت سے شہر میں صفائی کے بہتر انتظامات کرنے کے لیے کہا تھا۔